حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، اہل بیتؑ فاؤنڈیشن ہندوستان کے نائب صدر حجۃ الاسلام مولانا تقی عباس رضوی کلکتوی نے انقلابِ اسلامی کی 47 ویں سالگرہ کے موقع پر کہا کہ امام خمینیؒ اسلامی تاریخ کا ایک عظیم باب اور ایک ایسی شخصیت ہیں جنہوں نے اپنے وقت کے نظام کو چیلنج کیا اور ایک نئے دور کا آغاز کیا۔ ان کی رہنمائی میں ایران نے ایک ایسا انقلاب دیکھا جس نے نہ صرف ایران، بلکہ پورے عالم اسلام کو متاثر کیا۔ امام خمینیؒ کا پیغام صرف سیاسی نہیں تھا، بلکہ یہ ایک فکری اور روحانی انقلاب تھا جس نے اسلامی معاشرت کی بنیادوں کو مضبوط کیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ امام خمینیؒ کی حکمت عملی، جدوجہد اور ان کے افکار نے ایرانی قوم کو ایک نئی شناخت دی۔ ان کی قیادت میں ایرانی عوام نے استعماری قوتوں کے خلاف آواز اٹھائی اور ایک مضبوط، خودمختار اسلامی ریاست کی تشکیل کی۔ امام خمینیؒ کی سادگی، عزم اور حکمت نے دنیا بھر کے مسلمانوں کو ایک نیا حوصلہ دیا اور ثابت کیا کہ اگر ارادہ مضبوط ہو تو کسی بھی طاقتور دشمن کا مقابلہ کیا جا سکتا ہے۔
مولانا تقی عباس نے کہا کہ ان کے افکار نہ صرف ایران کے لیے، بلکہ پورے اسلامی دنیا کے لیے ایک رہنمائی بن گئے۔ امام خمینیؒ نے اسلام کے روحانی اور سیاسی پیغام کو اس طرح پیش کیا کہ وہ دنیا بھر کے مسلمانوں کے لیے ایک ماڈل بن گئے۔ ان کی جدوجہد نے ایک نئی تحریک کو جنم دیا جس سے نہ صرف ایران بلکہ پوری مسلم اُمّہ کو بیداری کا احساس ہوا۔
اہل بیتؑ فاؤنڈیشن کے نائب صدر نے کہا کہ امام خمینیؒ کی رہنمائی نے ایک ایسا انقلاب لایا جو ایران کو صرف ایک جغرافیائی ریاست نہیں بلکہ ایک مضبوط اسلامی ریاست میں تبدیل کر گیا، جس کی اپنی الگ شناخت، خودمختاری اور تہذیب تھی۔ آج بھی امام خمینیؒ کا نظریہ اور ان کی رہنمائی مسلمانوں کے دلوں میں زندہ ہے اور ان کے اثرات آج بھی عالمی سطح پر محسوس کیے جا رہے ہیں۔ اگر یہ کہا جائے کہ آج ایران عالمی سطح پر ترقی، استحکام اور مشرق وسطیٰ میں ایک ناقابل تسخیر طاقت کے طور پر ابھر رہا ہے، تو یہ بے جا نہیں ہوگا۔ اس کامیابی کے پیچھے امام خمینیؒ کی رہنمائی اور ان کے ساتھ شہید ہونے والے عظیم شہداء کی قربانیاں ہیں، جنہوں نے اپنے خون سے انقلاب کی کامیابی کی راہیں ہموار کیں۔ یہ قربانیاں نہ صرف ایران کی تقدیر کو بدلنے کا سبب بنیں بلکہ پورے عالم اسلام کے لیے ایک نئی اُمید اور حوصلہ بھی فراہم کیا۔
مولانا تقی عباس رضوی کلکتوی نے کہا کہ ۲۲ بھمن کے عظیم موقع پر ہم امام خمینیؒ کے ہمراہ تمام شہدائے اسلام کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں اور رہبر معظمؒ اور ان کے پیروکاروں کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتے ہیں۔ یہ دن ہمیں یاد دلاتا ہے کہ انقلاب اسلامی کی کامیابی میں ان عظیم جانوں کی قربانیاں شامل ہیں جنہوں نے آزادی، خودمختاری اور اسلامی اصولوں کی بحالی کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔









آپ کا تبصرہ